قسط نمبر (100) سیرتِ اِمام الآنبیاء صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم


اسلام کا قانونِ جہاد امن وعافیت کا ضامن


اسلام کا قانونِ جہاد جسے اصطلاحِ شرع میں ”جہاد فی سبیل اللہ “ کے نام سے موسوم کیا گیا ہے، کچھ تو خود ہماری بداطواریوں، اوچھی ونامناسب حرکات وسکنات، اور ہوش سے زیادہ جوش وجذباتیت کے اظہار ،دوسری جانب اعداء اسلام کی سازشوں ،افواہوں اور غلط پروپیگنڈوں اور ان کی جانب سے اس کی غلط توضیح وتشریح، اس کے حقیقی مفہوم کو پردہٴ آخفامیں رکھنے کی وجہ سے، معاشرہ کی اصلاح، امنِ عامہ کے قیام اور سماج سے ظلم وسفاکیت اور فسادوبگاڑ کے دور کرنے میں اس کا حقیقی اور بامعنی کردار نگاہوں سے اوجھل ہوتا جارہا ہے۔

                ذرائع ابلاغ اور پروپیگنڈے کے اس دور میں ایک حقیقی مسلمان کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ مختلف ذرائع تشہیر کے ذریعے اسلامی احکام وتعلیمات کے روشن اور تابناک پہلووٴں کا اظہار کرتا رہے، تاکہ رفتار زمانہ اور خود مسلمانوں کی غفلت اور نادانی کے نتیجے میں ، اسلامی تعلیمات کی خوبیوں پر گردوغبار کی جو دبیز تہہ جم چکی ہے اس کی صفائی ہو، اور اسلامی تعلیمات کا حقیقی روشن وتابناک چہرہ لوگوں کے سامنے آئے، جس کا ایک نقد فائدہ تو یہ ہوگا کہ اغیار واجانب کی غلط فہمیوں پر مبنی نظریات وتصورات کا خاتمہ ہوگا، دوسری جانب ان کے حلقہ بگوشِ اسلام ہونے کی راہیں کھلیں گی، اسلامی قانونِ جنگ کے مختلف محاسن سامنے آئیں گی، اور غلط وباطل نظریات ومفروضات کا ازالہ ہوگا ۔  اگرچہ مذہب اسلام سراپا خیر ورحمت ہے؛ لیکن مطلب پرستوں ، نفسانیت کے پجاریوں اور عدل وانصاف کے قاتلوں کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ وہ حذف واضافہ اور ردوبدل کے ذریعے کسی بھی عبادت کے حقیقی مفہوم کو لوگوں کی نگاہوں سے اوجھل کرکے اس سے اپنا معنی ومطلوب کشید کرلیں، 

                چونکہ اس وقت اسلام کا نظریہٴ جنگ اقوامِ عالم کی آنکھوں کا کانٹا بنا ہوا ہے ، وہ تعصب اور جانب داری کی عینک اپنی آنکھوں پر چڑھائے ہوئے عمداً اور باتکلف اسلام کے قانون جہاد کو دوسرا رنگ  دینے پر تلے ہوئے ہیں، چونکہ وہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ اسلام کا حقیقی صاف وروشن چہرہ لوگوں کے سامنے ہوگا تو اس سے ان کی عالمی چودھراہٹ اور سرداری خطرہ کی زد میں آجائے گی؛ اس لیے یہ لوگ مختلف عنوانات سے اسلام کے چمکدار اور تابناک اور بلندوبالا سورج پر تھوکنے کی احمقانہ کوشش کرتے رہتے ہیں۔ جو ظاھر ھے اُن کے اپنے ھی چہروں پر گرتا رہتا ھے 


اسلام میں جہاد کا حقیقی مفہوم

                جہاد سے متعلق سب سے پہلی غلط فہمی یہ ہوتی ہے کہ اس لفظ کو ”جنگ “ کے معنی میں لیا جاتا ہے اور اسے عربی لفظ ”حرب “ کے مترادف سمجھا جاتا ہے جو تباہی وبربادی کے معنی میں آتا ہے یہی وجہ ہے کہ قرآن کریم نے کہیں بھی اپنے اسلامی نظریہٴ جنگ کے لیے لفظ ”حرب “ کا استعمال نہیں کیا ہے ، قابلِ التفات امر یہ ہے کہ جس ملت ومذہب ہی کے نام میں امن وعافیت کا مفہوم شامل ہو وہ کیوں کر بے جا کُشت وخون اور فساد وبگاڑ کی دعوت دے سکتا ہے ؛ بلکہ دین دنیا میں آیا ہی اس لیے ہے کہ اس قسم کی ظلم وفسادپر مشتمل جنگوں کا خاتمہ کرے اور امن وامان اور عدل و مساوات پر قائم ایک ایسا نظریہٴ جنگ اقوامِ عالم کے سامنے پیش کرے کہ دورانِ جنگ بھی کسی کی حق تلفی یا اس پر ظلم وستم جائز نہ ہو ۔چنانچہ مذکورہ بالا لغت میں لفظ”جہاد “ کی تشریح یوں کی گئی ہے ”قتال من لیس لھم ذمة من الکفار“ غیر ذمیوں سے قتال (المعجم الوسیط)


جہاد فی سبیل اللہ کے’’ شرعی واصطلاحی ‘‘معانی

جہاد فی سبیل اللہ کے حوالے سے قرآن و حدیث کی بنیادی نصوص اور سلف وصالحین کی بیان کردہ ’’شرعی و اصطلاحی ‘‘معانی کا جائزہ لینا بہت ضروری ھے  تاکہ امت مسلمہ کو کوئی بھی نام نہاد محقق یا مدبر کھڑا ہوکر جہاد فی سبیل اللہ کے حوالے سے گمراہ کرنے کی کوشش نہ کرے۔

 ۔سب سے پہلے رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم  کی زبانِ مبارک سے کی گئی جہادکی تعریف ملاحظہ کیجیے :-

’’(ایک صحابی نے پوچھا کہ اے اللہ کے رسول صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم ! سب سے افضل ہجرت کون سی ہے؟رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا کہ بہترین ہجرت جہاد کی ہجرت ہے۔صحابی نے پوچھا کہ جہاد کیا چیزہے؟رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا کہ: ’’ جہاد یہ ہے کہ تم بوقتِ مقابلہ کفار سے لڑو اور اس راستے میں خیانت نہ کرواور نہ بزدلی دکھاؤ‘‘۔(کنزالعمال)

پوچھا گیا افضل ترین جہاد کون سا ہے ؟رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم  نے فرمایا کہ اس شخص کا جہاد جس کا گھوڑا کٹ مرے اور خود اس کابھی خون گرجائے(یعنی وہ شہید ہوجائے)‘‘( امام آحمد)

’’مسند احمد کی ایک صحیح حدیث میں ہے کہ ایک شخص نے رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم سے پوچھا کہ اے اللہ کے رسول صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم!  یہ اللہ کے راستے کا جہاد کیا ہوتا ہے؟ تو رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا کہ ’’کافروں سے لڑنے کا نام جہاد ہے‘‘۔

چاروں آئمہ اربعہ ، فقہا اور سلف و صالحین نے متفقہ طور پر اس سے جو سمجھا ھے وہ یہ ھے کہ 

’’جہاد لغت میں بمعنی محنت و مشقت ہے اور اصطلاحِ شریعت میں کفار سے لڑنے میں اپنی پوری طاقت کو استعمال کرنے کا نام جہاد ہے‘‘۔(الفتح الباری )

’’دین کے دشمنوں کو مغلوب کرنے کے لئے کفار سے لڑنے کا نام جہاد ہے‘‘۔(شرح شرعة الاسلام )

’’گویا جہاد سے مراد یہ ہے کہ دین کی تقویت کی خاطر جہاد کرتے ہوئے حربی کافروں سے قتال کرنا ،معاہدہ شکن ذمیوں سے قتال کرنا، مرتدین سے قتال کرنا جو درحقیقت کفار کی خبیث ترین قسم ہیں کیونکہ انہوں نے ایمان لانے کے بعد اس کاانکار کیا اور اسی طرح باغیوں سے‘‘۔

اس ضمن میں ایک ضروری اور اساسی بات سمجھنے کی یہے ،وہ یہ کہ ’’جہاد‘‘ کے لغوی معنی تو ’’بھرپور کوشش اور جدوجہد ‘‘ہی کے ہیں لیکن شریعت کی اصطلاح میں ’’جہاد فی سبیل اللہ ‘‘سے مراد ’’بذل الجھد فی قتال الکفار‘‘یعنی کفارکے خلاف جنگ میں اپنی پوری قوت کھپا دینا  ہے۔لفظ’’ جہاد فی سبیل اللہ‘‘ کے الفاظ قرآن و حدیث میں جہاں مطلقاًاستعمال ہوئے ہیں، اس کے یہی معنی ہے۔لفظ ِجہاد جب بھی ہمارے سامنے آئے گا ہم اس سے یہی مراد لیں گے۔اگرچہ قرآن و حدیث میں بعض جگہ یہ لفظ اپنے لغوی معنی میں بھی آیا ہے۔ لیکن چند جگہوں پر لفظِ جہاد کا لغوی استعمال اس کے اصلی اصطلاحی معنی کو نہیں بدلتا اور نہ اس سے جہاد فی سبیل اللہ کی مشروعیت پر کوئی اثر پڑتا ہے۔کیونکہ اگر ہم اس کے لغوی معنی پر احکاما ت کا استنباط اور اس کو اخذ کریں گے تو پھر کوئی بھی شخص ’’صلوٰۃ ‘‘کو کبھی اپنی مرضی سے دُعاء مراد لے گا اور کبھی نماز لے گا،لفظ ’’زکوٰۃ ‘‘ کو کبھی اپنی مرضی سے تزکیہ مرادلے گااور کبھی اگر دل چاہے گا تو شریعت کی طرف سے مقرر کردہ زکوۃ مراد لے لے گااور اسی طرح ’’حج‘‘کو کبھی اپنے گھر کے قصد کے لیے قیاس کرلے گا اور کبھی اس کو ’’حج بیت اللہ ‘‘مراد لے لے گا۔لہذا جوکوئی بھی دین میں ایسی تعریفات کرے توجا ن لیجئے کہ اس سے بڑھ کر دین میں فساد ڈالنے والا کوئی نہیں اور ایسے لوگوں سے بچنا ہر مسلمان کے لئے واجب ہے۔

’’اللہ کے راستے میں جنگ کے لئے نفس ،مال اور زبان وغیرہ کی پوری طاقت لگادینا جہاد ھے‘‘۔(امام کاسانی )

غرضیکہ ہر وہ کوشش جو کہ جہاد فی سبیل اللہ کی مددو نصرت کے لئے کی جائے ،چاہے وہ جہاد کے لئے لوگوں کو تیار کرنا ہو، یا مجاہدین کے لئے سامانِ حرب ورسد کا فراہم کرنا ہو جہاد میں شامل ھے

رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم فرمایا:

((ان اللّٰہ عزوجل یدخل بالسھم الواحد ثلاثة نفرالجنة ؛صانعہ الذی یحتسب فی صنعتہ الخیر، والذی یجھز بہٖ فی سبیل اللّٰہ ،والذی یرمی بہٖ فی سبیل اللّٰہ)) 

’’بے شک اللہ عزوجل ایک تیر سے تین بندوں کو جنت میں داخل فرماتے ہیں ۔تیر بنانے والا جو اسے بنانے میں بھلائی کا ارادہ رکھتا ہو،اللہ کی راہ میں وہ تیر(مجاہد کو)مہیا کرنے والا ،اور اللہ کی راہ میں وہ تیر چلانے والا‘‘۔(مسند احمد۔)

المختصر یہ کہ  اللہ رب العزت کے دین کی سربلندی اور مظلوم مسلمانوں کے تحفظ کے لئے خوب محنت کے ساتھ کافروں سے مسلح جنگ کرنا یا جنگ کرنے والوں کی تمام ضروری امور میں بھرپور معاونت کرنا ، خواہ یہ جنگ ان کافروں سے ھو جن تک اسلامی دعوت پہنچ چکی ھو اور انہوں نے اس دعوت کو قبول نہ کیا ھو یا ان کافروں سے ھو جو مسلمانوں پر حملہ آور ھوں (امیر کی اطاعت میں کافروں کے ساتھ جنگ کے کسی بھی شعبے میں کام کرنا جہاد ھوگا) (تعلیم الجہاد/صفحہ 3)


جنگ مُطلق ممنوع نہیں

                اللہ رب العزت  نے حضرت انسان کو مجموعہٴ اضداد بنایا ہے ، خیر وشر دونوں پہلو انسانی طبیعت میں ودیعت کیے ہیں ، انسان میں خیر کا پہلواسے نیکی اور بھلائی پر ابھارتا ہے ، جب کہ شر کا پہلو اسے آمادہٴ معصیت اور ظلم وستم کرتا ہے؛ اس لیے روزِ اول ہی سے اللہ عزوجل کا یہ قانون رہا ہے کہ وہ مختلف قوموں کو آمادہٴ پیکار کیے رہتے ہیں؛ تاکہ اس طرح نیکی اور بھلائی کا پلڑا بھاری ہوجائے ، سچائی وصداقت کی حقانیت آشکارا اور برائی کی قباحت وشناعت بھی عیاں ہوجائے ۔                چنانچہ دنیا میں حق وصداقت کے غلبہ اور برتری اور شر وفساد کے خاتمہ کے لیے مختلف قوموں کے درمیان آویزش وٹکراوٴ کے اپنے اسی ازلی قانون وروایت کا تذکرہ کرتے ہوئے اللہ عزوجل نے یوں ارشاد فرمایا : 

الَّذِیۡنَ اُخۡرِجُوۡا مِنۡ دِیَارِہِمۡ بِغَیۡرِ حَقٍّ اِلَّاۤ اَنۡ یَّقُوۡلُوۡا رَبُّنَا اللّٰہُ ؕ وَ لَوۡ لَا دَفۡعُ اللّٰہِ النَّاسَ بَعۡضَہُمۡ بِبَعۡضٍ لَّہُدِّمَتۡ صَوَامِعُ وَ بِیَعٌ وَّ صَلَوٰتٌ وَّ مَسٰجِدُ یُذۡکَرُ فِیۡہَا اسۡمُ اللّٰہِ کَثِیۡرًا ؕ وَ لَیَنۡصُرَنَّ اللّٰہُ مَنۡ یَّنۡصُرُہٗ ؕ اِنَّ اللّٰہَ لَقَوِیٌّ عَزِیۡزٌ ﴿۴۰﴾ سورہ الحج

”جو اپنے گھروں سے بے وجہ نکالے گئے محض اتنی بات پر کہ وہ یوں کہتے ہیں کہ ہمارا رب اللہ ہے اور اگر یہ بات نہ ہوتی کہ اللہ تعالیٰ لوگوں کا ایک دوسرے سے زور نہ گھٹواتا رہتا تو نصارٰی اور یہود کے عبادت خانے اور وہ مسجدیں جن میں اللہ کا نام بکثرت لیا جاتا ہے سب منہدم ہوگئے ہوتے بے شک اللہ تعالی اس کی مدد کرے گا جو (اللہ کے دین)کی مدد کرے گا ،بے شک اللہ تعالی قوت والا ،غلبہ والا ہے وہ جس کو چاہے غلبہ دے سکتا ہے“۔ 

مذکورہ بالا آیت میں مسلمانوں کو جو قتال کی اجازت دی گئی ہے وہ نہایت ہی ناگزیر حالت میں ہے ، اس آیت سے یہ بھی معلوم ہوا کہ مسلمانوں کو یہ جنگ کی اجازت اس لیے نہیں دی گئی ہے کہ وہ زمین میں فساد وبگاڑ کریں ؛ بلکہ اس جنگ کی اجازت کا مقصد یہ ہے کہ وہ جملہ مذاہب کی آزادی کو قائم رکھیں ، بد امنی اور انارکی کا خاتمہ کریں ، پارسیوں ، عیسائیوں ، یہودیوں کی عبادت گاہوں اور مسلمانوں کی مساجد کو ہر طرح کے نقصانات اور گزند سے مامون ومحفوظ رکھیں۔مطلب یہ ہے کہ یہ قتال اور جہاد کا حکم کوئی نیا حکم نہیں۔ پچھلے انبیاء اور ان کی امتوں کو بھی قتال کفار کے احکام دیے گئے ہیں اور اگر ایسا نہ کیا جاتا تو کسی مذہب اور دین کی خیر نہ تھی سارے ہی دین و مذہب اور ان کی عبادت گاہیں مسمار کردی جاتیں۔


جہاد فی سبیل اللہ کا مقصود فتنہ وفساد کا خاتمہ

                 اسلام میں جہاد فی سبیل اللہ  ایک نہایت شریفانہ عمل ہے ؛ لہٰذا مسلمانوں کو  اس کے متعلق کسی طرح کا معذرت خواہانہ رویہ اختیار کرنے کی ضرورت ہرگز نہیں ہے، اس کے بعد یہ سمجھ لینا چاہیے کہ اسلام ایک آفاقی اور عالمگیر مذہب ہے ، اس کی تعلیمات دیگر مذاہب کی طرح محض چند رسوم وعقائد کا مجموعہ نہیں ہے اور نہ ہی یہ انسان کا خود ساختہ اپنے ہاتھوں بنایا ہوا قانون ودستور ہے ؛ بلکہ خالقِ کائنات کا نازل کردہ نظامِ حیات ہے، جس میں ہر شعبہٴ زندگی کے متعلق انسانیت کے لیے رہنما اصول بتلائے گئے ہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ اس کی تعلیمات کو ہر شخص اپنا سکتا ہے، کوئی بھی شخص ان اصول کو اپنا کر اس کے دامنِ رحمت وعافیت میں جگہ پاسکتا ہے ”اسلامی نظامِ جنگ “ ”جہاد“ یا اس جیسی نقل وحرکت کا مقصود بھی یہی ہے کہ فطرتِ انسانی سے موزوں اعتدال پر مبنی ان تعلیمات کا ہر سمت بول بالا ہو ، روئے زمین سے ناانصافی ، بد امنی ، ظلم وجبر اور شروفساد کا خاتمہ ہو اور ہر شخص آزادی کے ساتھ اس خدائی نظام کے تحت امن وسکون کے ساتھ زندگی گزار سکے ، اشاعتِ اسلام  اور تبلیغِ اسلام کا ہرگز یہ مقصود نہیں کہ لوگوں کو مجبور  کرکے اسلام میں داخل کیا جائے ، ارشاد خداوندی ہے 

لّا إِکْرَاہَ فِیْ الدِّیْنِ

دین میں زور زبردستی نہیں

 اگر کوئی شخص جزیہ کی مشروعیت پر غور کرے گا تو یہ حقیقت واضح ہوجائے گی کہ اسلامی جنگ کا مقصود اسلام کا غلبہ ہے خواہ وہ مخالف کے اسلام لانے سے ہو یا رعیت بن کر رہنا منظور کرنے سے ؛ چونکہ جزیہ دے کر اسلامی سلطنت میں رہنا بھی در اصل اسلامی قانون کی بالا دستی کو تسلیم کرنا ہے ، جب اسلام کو غلبہ حاصل ہو چکا تو فتنہ وفساد کے امکانات بھی ختم ہوچکے ؛ لہٰذا اب جنگ بھی موقوف کردی جائے گی ، اب اس ذمی شخص کو اسلامی سلطنت میں وہ تمام حقوق حاصل ہوں گے جو ایک مسلمان کو حاصل ہوتے ہیں ، چنانچہ اسی کوآیت کریمہ میں یوں بیان کیا گیا ہے :

وَقَاتِلُوْهُـمْ حَتّـٰى لَا تَكُـوْنَ فِتْنَةٌ وَّّيَكُـوْنَ الدِّيْنُ لِلّـٰهِ ۖ فَاِنِ انْتَهَوْا فَلَا عُدْوَانَ اِلَّا عَلَى الظَّالِمِيْنَ (193) 

اور ان سے لڑو یہاں تک کہ فساد باقی نہ رہے اور اللہ کا دین قائم ہو جائے، پھر اگر وہ باز آجائیں تو سوائے ظالموں کے کسی پر سختی جائز نہیں۔(البقرة )

اس آیتِ کریمہ میں جنگ بندی کی انتہا فتنہ وفساد کا خاتمہ بتایا گیا ہے ۔

               دورِ رسالت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم کی غزوات وسرایا کی مجموعی تعداد بیاسی کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے، اگران لڑائیوں کو جارحانہ اور اقدامی تسلیم کیا جائے تو بھی ان میں مقتولین کی مجموعی تعداد (۱۰۱۸) ہے اور (۸۲) پر ان کو تقسیم کرنے سے فی جنگ 12.414اوسط نکلتا ہے ، قیدیوں کی مجموعی تعداد (۶۵۶۴) ہے جو جزیرہ نما عرب کی وسعت کے مقابلہ میں ہیچ ہے اور چوں کہ ان کی تعدادکے اندر بڑی تعداد (۶۰۰۰) ایک ہی غزوہ حنین کی ہے (جوکہ بعد میں تمام آزاد کردیے گئے ) اس لیے باقی جنگوں میں اسیرانِ جنگ کا اوسط (۷) رہتا ہے ۔اس کے بالمقابل زمانہٴ گزشتہ کی دو عظیم جنگیں اور ان کی ہلاکت خیزیوں اور تباہیوں کا اندازہ لگایا جائے جو صرف چھوٹی سلطنوں کو آزاد کرانے کی غرض سے لڑی گئی تھیں، مقتولین ، مجروحین کی تعداد ساٹھ ستر لاکھ سے متجاوز ہے ، اہلِ دنیا کی لڑائیوں کا ذکر چھوڑو، مقدسین کی لڑائیاں لو ، مہابھارت کے مقتولین کی تعداد کروڑوں سے کم نہیں،یورپ کی مقدس مذہبی انجمنوں نے جس قدر نفوس ہلاک کیے ان کی تعداد لاکھوں سے متجاوز ہے (تمام اعداد شمار کے لیے ملاحظہ ہو : رحمة للعالمین 

                جزیہ کی ادائیگی کوبھی جو کہ در اصل اسلامی تعلیمات کی بالادستی اور روئے زمین پر فتنہ وفساد مچانے سے رکنے کا اعتراف اور عہد ہوتا ہے اس کو بھی جنگ بندی کی انتہا بتلایاگیا ہے چنانچہ اللہ عزوجل کا ارشاد گرامی ہے :

قَاتِلُوا الَّـذِيْنَ لَا يُؤْمِنُـوْنَ بِاللّـٰهِ وَلَا بِالْيَوْمِ الْاٰخِرِ وَلَا يُحَرِّمُوْنَ مَا حَرَّمَ اللّـٰهُ وَرَسُوْلُـهٝ وَلَا يَدِيْنُـوْنَ دِيْنَ الْحَقِّ مِنَ الَّـذِيْنَ اُوْتُوا الْكِتَابَ حَتّـٰى يُعْطُوا الْجِزْيَةَ عَنْ يَّدٍ وَّهُـمْ صَاغِرُوْنَ (29) 

ان لوگوں سے لڑو جو اللہ پر اور آخرت کے دن پر ایمان نہیں لاتے اور نہ اسے حرام جانتے ہیں جسے اللہ اور اس کے رسول نے حرام کیا ہے اور سچا دین قبول نہیں کرتے ان لوگوں میں سے جو اہل کتاب ہیں یہاں تک کہ عاجز ہو کر اپنے ہاتھ سے جزیہ دیں (التوبہ)

جزیہ اس مال کو کہتے ھیں جو اسلامی سلطنت کے ما تحت رہنے والے غیر مسلموں سے ان کی جان مال ، عزت وآبرو کی حفاظت کے لیے لیا جاتا ہے اور بالکل معمولی رقم ہوتی ہے ، جزیہ کی یہ رقم ادا کرنے والے یہ لوگ ذمی کہلاتے ہیں اور ان کے اسلامی سلطنت کے باشندے ہونے کی حیثیت سے ان کے جان ومال ، عزت وآبرو کی حفاظت اسلامی حکومت کے ذمہ ہوتی ہے ، ان کے مذہبی امور میں مداخلت کو اسلام منع کرتا ہے ، پھر اس میں بچے ، بوڑھے ، عورتیں اور معذورین سے جزیہ نہیں لیا جاتا ، اسی طرح مکاتب ، مدبر ، ام الولد پر بھی جزیہ نہیں ہوتا ، مذہبی پیشوا جو گوشہ نشیں ہوں ان سے بھی جزیہ نہیں لیا جا تا۔(اصح السیر)


دورانِ جنگ بے قصور لوگوں سے تعرض کی ممانعت

                اسلامی قانونِ جنگ کا ایک حسین اور خوبصورت پہلو یہ بھی ہے کہ اس نے دورانِ جنگ بے قصور ، نہتے اور کمزور لوگوں کے قتل کی سختی سے ممانعت کی ہے ، عملاً جن لوگوں نے جنگ میں حصہ لیا ہے یا جنھوں نے مشوروں اور خدمات کے ذریعے ان کو مدد بہم پہنچائی ہے، یہی لوگ قتل کے مستحق ہوں گے ، بقیہ بچوں ، عورتوں ، بوڑھوں اور خلوت نشیں عابدوں ، زاہدوں سے ہرگز تعرض نہ کیا جائے گا ، دورانِ جنگ بے قصور لوگوں کے قتل کو تو رہنے دیجیے ، اسلام نے سرسبز وشاداب کھیتوں ، پھل دار درختوں اورباغات کو بھی نقصان پہنچانے سے روکا ہے ، ایک روایت میں ہے کہ حضور اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا : کمزوربوڑھوں ، چھوٹے بچوں اور عورتوں کو قتل نہ کیا جائے (ابوداوٴد:باب دعوة المشرکین إلی الإسلام : حدیث:۸۴۹)اور ایک روایت میں ہے کہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ نے ایک لشکر کو جو ملکِ شام ایک مہم کے لیے روانہ ہوا تھا،انھیں اس قسم کی ہدایات دی تھیں کہ وہ بچوں کو قتل نہ کریں ، کسی عورت پر ہاتھ نہ اٹھائیں، کسی ضعیف بوڑھے کو نہ ماریں ، کوئی پھلدار درخت نہ کاٹیں، کسی باغ کو نہ جلائیں ( موٴطامالک : )

                یہ بات پیشِ نظر رہے کہ عہدِ نبوی صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم میں آنحضرت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم  نے جہاں کہیں بھی کسی آبادی کو نرغے میں لیا ھے وہاں کی ساری آبادی اور قبیلے کے سارے لوگ بنفس نفیس اور عملاً جنگ میں شریک تھے ؛ البتہ عہدِ صحابہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُم میں عموماً مسلمانوں کا مقابلہ وہاں کی آبادی سے نہیں ؛ بلکہ حکومت کے منظم فوجیوں سے ہوا ہے ؛ اس لیے مجاہدین نے اس ملک میں فاتحانہ داخل ہونے کے بعد وہاں کی عوامی املاک یا وہاں کے باشندوں کے مال وجان پر کسی طرح کی دست درازی نہیں کی ہے ؛ بلکہ وہاں کے مقامی لوگوں نے مسلمانوں کے حسنِ سلوک اور رواداری اور انصاف پر مبنی طرزِ عمل کو دیکھ کر کئی موقعوں پر اپنے ہم مذہب عیسائیوں اور پارسیوں کے خلاف ہی جاسوسی ، خبر رسانی اور رسد بہم پہنچانے اور اس قسم کی مختلف طرح سے امداد کی ہے، یہی وجہ تھی کہ جنگِ یرموک پیش آنے کے وقت جب مسلمان شہر حمص سے نکلے تو یہودیوں نے توریت ہاتھ میں لے کر کہا: ”جب تک ہم زندہ ہیں کبھی رومی یہاں نہ آنے پائیں گے“ ، عیسائیوں نے نہایت حسرت سے کہا : ” خدا کی قسم ! تم رومیوں کے بہ نسبت کہیں بڑھ کر ہم کو محبوب ہو “ (الفاروق ) 

غور طلب امر یہ ہے کہ اگر اسلامی جنگ کا مقصود کشیدگی اور بد امنی اور انارکی کا ازالہ اور وہاں عدل وانصاف پر مبنی طرزِ حکومت کا قیام نہ ہوتا تو وہاں کے مقامی باشندے اپنے ہم مذہب پیشواوٴں کے خلاف مسلمانوں کا ساتھ کیوں دیتے ؟ اور ان کے ساتھ اس جذباتی محبت وعقیدت کا اظہار کیوں کرتے ؟


معاہدے کی پاسداری کی تاکید

                اسلام نے حالتِ جنگ میں جن چیزوں کی سخت تاکید ہے ، ان میں سے ایک عہد کی پاسداری بھی ہے؛ بلکہ عام حالات میں بھی وفائے عہد کو ایک مسلمان کے لیے اس کے ایمان کا لازمہ اور خاصہ قرار دیا گیا ہے ، ایک ایمان والے کے شایانِ شان نہیں کہ وہ وعدہ خلافی یا عہد شکنی کرے ، بدعہدی یہ تو منافق کا شیوہ ہوتا ہے (ریاض الصالحین ) 

عہد وپیمان کے پاس ولحاظ کی تاکید کر تے ہوئے اللہ عزوجل نے یوں ارشاد فرمایا : 

وَاَوْفُوْا بِالْعَہْدِ۝۰اِنَّ الْعَہْدَ كَانَ مَسْــــُٔـوْلًاO۳۴  ( بنی اسرائیل)

اور وعدہ کو پورا کرو، بے شک وعدہ کے بارے میں بازپُرس ہوگی۔

عام حالات میں پابندیِ عہد کا اس قدر سختی کے ساتھ اسلام مطالبہ کرتا ہے ،ظاہر ہے کہ جنگ کی حالت میں اس کی اہمیت مزید دوچند ہوجاتی ہے؛ اس لیے خصوصاً دورانِ جنگ یہ تاکید کی گئی ہے کہ دشمن خواہ بدعہدی کیوں نہ کرے ،مسلمانوں کے لیے ہرگز یہ اجازت نہیں کہ قبل از اطلاع ان کی جانب پیش قدمی کریں یا بغیر انقطاع عہد کی اطلاع کے ان پر چڑھ دوڑیں؛ بلکہ ان کی جانب سے عہد شکنی کے باوجود بھی مسلمانوں کے لیے یہ ضروری قراردیا گیا ہے کہ وہ پہلے صاف اور صریح الفاظ میں معاہدہ کے خاتمہ کا اعلان کردیں ، پھر اس کے بعد ہی وہ جنگی کارروائی کر سکتے ہیں، ارشاد خداوندی ہے :

وَاِمَّا تَخَافَنَّ مِنْ قَوْمٍ خِيَانَةً فَانْبِذْ اِلَيْـهِـمْ عَلٰى سَوَآءٍ ۚ اِنَّ اللّـٰهَ لَا يُحِبُّ الْخَآئِنِيْنَ (58) 

اور اگر تمہیں کسی قوم سے دغا بازی کا ڈر ہو تو ان کا عہد ان کی طرف پھینک دو اس طرح کہ تم اور وہ برابر ہو جاؤ، بے شک اللہ دغا بازوں کو پسند نہیں کرتا۔(الانفال :۵۸)

اس آیت کریمہ میں قانون کی ایک اہم دفعہ بتلائی گئی ہے جس میں معاہدہ کی پابندی کی خاص اہمیت کے ساتھ یہ بھی بتلایا گیا ہے کہ اگر کسی وقت معاہدہ کے دوسرے فریق کی طرف سے خیانت یعنی عہد شکنی کا خطرہ پیدا ہوجائے تو یہ ضروری نہیں کہ ہم معاہدہ کی پابندی کو بدستور قائم رکھیں؛ لیکن یہ بھی جائز نہیں کہ معاہدہ کو صاف طور پر ختم کر دینے سے پہلے ہم ان کے خلاف کوئی اقدام کریں؛ بلکہ صحیح صورت یہ ہے کہ ان کو اطمینان و فرصت کی حالت میں اس سے آگاہ کر دیا جائے کہ تمہاری بدنیتی یا خلاف ورزی ہم پر ظاہر ہوچکی ہے، یا یہ کہ تمہارے معاملات مشتبہ نظر آتے ہیں؛ اس لیے ہم آئندہ اس معاہدہ کے پابند نہیں رہیں گے تم کو بھی ہر طرح اختیار ہے کہ ہمارے خلاف جو کارروائی چاہو کرو!۔   اس سلسلہ کا ایک دلچسپ اور مشہور واقعہ جس کا ذکر حضرت مفتی محمد شفیع صاحب عثمانی رحمہ اللہ نے اپنی تفسیر معارف القرآن میں کیا ہے کہ حضرت آمیر معاویہ  رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کا ایک قوم کے ساتھ ایک میعاد کے لیے التوائے جنگ کا معاہدہ تھا حضرت آمیر معاویہ  رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے ارادہ فرمایا کہ اس معاہدہ کے ایام میں اپنا لشکر اور سامان جنگ اس قوم کے قریب پہنچا دیں؛ تاکہ معاہدہ کی میعاد ختم ہوتے ہی وہ دشمن پر ٹوٹ پڑیں؛ مگر عین اس وقت جب حضرت معاویہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کا لشکر اس طرف روانہ ہو رہا تھا یہ دیکھا گیا کہ ایک معمر آدمی گھوڑے پر سوار بڑے زور سے یہ نعرہ لگا رہاہے: اللّٰہ اکبر اللّٰہ اکبر وفاءً لا غدرًا ۔ یعنی نعرہ تکبیر کے ساتھ یہ کہا کہ ہم کو معاہدہ پورا کرنا چاہیے اس کی خلاف ورزی نہ کرنا چاہیے ۔ رسول اللہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا کہ جس قوم سے کوئی صلح یا ترکِ جنگ کا معاہدہ ہوجائے تو چاہیے کہ ان کے خلاف نہ کوئی گرہ کھولیں اور نہ باندھیں۔ حضرت آمیر معاویہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ کو اس کی خبر کی گئی ۔ دیکھا تو یہ کہنے والے بزرگ حضرت عمرو بن عنبسہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ  تھے ۔ حضرت آمیر معاویہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ نے فوراً اپنی فوج کو واپسی کا حکم دے دیا تاکہ التوائے جنگ کی میعاد میں لشکر کشی پر اقدام کرکے خیانت میں داخل نہ ہو جائیں (معارف القرآن )


جنگی قیدیوں  کے ساتھ رحم وکرم کا معاملہ

                دنیا میں جتنی قومیں اور سلطنتیں گزری ہیں، وہ اسیرانِ جنگ کے ساتھ نہایت ہی وحشیانہ اور بہیمانہ سلوک کرتے تھے ، موجودہ یورپین حملہ آور اقوام کا جنگی قیدیوں کے ساتھ ظالمانہ سلوک ان کے اسیرانِ جنگ کے ساتھ سلوک کے حوالے سے شاہدِ عدل ہیں ، گوانتاموبے اور ابوغریب کی بدنامِ زمانہ جیل اور وہاں کی انسانیت سوز اور حیا باختہ انواعِ تعذیب وعقوبت کو دیکھ کر ہر شخص تلملا اٹھا، اس کے ساتھ اسلام کا اسیرانِ جنگ کے ساتھ حسنِ سلوک بھی مشاہد ہ کرتے چلئے :   جنگ بدر کے بہتر ( ۷۲) قیدیوں میں آنحضرت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم  نے ستر ( ۷۰) قیدیوں کو جرمانہ لے کر آزاد فرمادیا تھا، ان قیدیوں کو دورانِ قید مہمانوں کی طرح رکھا گیا ، اہلِ مدینہ نے ان کے ساتھ نہایت ہی اچھا برتاوٴ کیا ، اپنے بچوں سے بڑھ کر ان کی خاطر مدارت کی․․․․․ ایک دفعہ آنحضرت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم کو بدر کے قیدیوں کی بندش کے تنگ ہونے کی وجہ سے کراہنے کی آوازیں سنائی دی، آنحضرت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم کو ان کی اس تکلیف کی وجہ سے ساری رات نیند نہ آئی ، جب آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم  کے حکم سے تمام قیدیوں کی بندش ڈھیلی کی گئی، تب آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم کو راحت ہوئی ، بدر کے تما م قیدیوں میں سے صرف دو شخص ( عقبہ بن مُعَیط اور نضر بن حارث ان کے بھیانک جرائم کی وجہ سے) قتل کر دیے گئے۔ جنگ بدر کے بعد غزوۂ بنی مصطلق میں بھی (۱۰۰) سے زیادہ مرد وزن قید ہوئے، آپ نے ان سب کو بلاکسی شرط اور جرمانہ کے آزاد کردیا۔جنگ حنین کے موقع سے بھی چھ ہزار مردوزن قیدیوں کو بلا کسی شرط ومعاوضہ کے آزاد فرمادیا ؛ بلکہ بعض اسیروں کی آزادی کا معاوضہ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم نے  اسیر کنندگان کو خود ادا کیا ، پھر اکثر اسیروں کو خلعت اور انعام سے نواز کر رخصت کیا ۔ان جملہ نظائر سے اسلام کے حملہ آور دشمنوں اور قابویافتہ قیدیوں کے ساتھ حسنِ سلوک اور رحم وکرم کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے ۔

                آنحضرت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم کی پاک تعلیمات ہی کا نتیجہ تھا کہ خلفائے راشدین کے عہد میں جب کہ عراق ، مصر ، شام ، ایران اور خراسان، جیسے بڑے اور متمدن علاقے فتح ہوئے ؛ لیکن کسی بھی جگہ حملہ آور یا جنگ آزما رعایا میں سے کسی کو لونڈی ، غلام بنانے کا ذکر نہیں ملتا ؛ بلکہ مغلوب دشمن سے تاوانِ جنگ لینے کا ذکر بھی درج نہیں ہے (رحمة للعالمین )

                مذکور ہ بالا تحریر کی روشنی میں یہ بات بخوبی واضح ہوجاتی ہے کہ اسلام کا قانونِ جنگ امن وعافیت کا ضامن ہے ، سسکتی ، بلکتی اور تڑپتی انسانیت کو اگر کوئی جائے پناہ اور موقع نجات مل سکتا ہے تو اسلامی تعلیمات کے زیرِ اثر ، ورنہ یہ خوف اور اندیشوں کے سائے انسانیت کا یوں ہی پیچھا کرتے رہیں گے ۔

جاری ھے۔۔۔۔۔

Share: