رمضان المبارک میں سلف صالحین کے معمولات


رمضان المبارک کے مقدس لمحات کی قدر دانی، اس کے بابرکت ایام کی تعظیم اور اس کی نورانی راتوں کے احترام کا جو غیر معمولی نمونہ عبا دت و ریاضت، مجاہدہ و مشقت، دعاء و تلاوت اور اذکار و استغفار وغیرہ کی صورت میں آنحضرت صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَ اَصحَابِہٖ وَسَلَّم  اور آپ کے جاں نثار صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی مقدس جماعت نے اُمت کے سامنے پیش کیا ہے اس کا ایک بڑا اثراور اس کی ایک غیر معمولی تاثیر بعد کے سلف صالحین، تابعین، تبع تابعین ، ائمہ مجتہدین، اور اکابر علماء کی زندگیوں میں بھی بھرپور طور پرجھلکتی ہوئی نظر آتی ہے۔

امام اعظم ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کے نام اور کام سے کون ناواقف ہوگا؟ مؤرخین نے لکھا ہے کہ آپ رمضان شریف میں اکسٹھ ( 61) قرآن شریف پڑھتے تھے، ایک دن کا اور ایک رات کا اور ایک تمام رمضان شریف میں تراویح کا۔(المستطرف:ص23) 

امام شافعی رحمۃ اللہ علیہ کا معمول تھا کہ وہ رمضان المبارک میں دن رات کی نمازوں میں ساٹھ (60) قرآن شریف پڑھتے تھے،یعنی روزانہ دو (2) ختم کرتے تھے۔ (الفتاویٰ الحدیثیہ: ص82)

امام مالک اور سفیان ثوری رحمہما اللہ رمضان المبارک میں اپنی دیگر دینی مصروفیات کو ترک کرکے سارا وقت تلاوتِ کلام میں گزارتے تھے اور فرماتے کہ یہ مہینہ قرآنِ مجید کا ہے۔ (المستطرف:ص 23) 

امام ابوبکر بن عیاش رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ میں نے تیس (30) سال سے ہر روز ایک قرآنِ کریم پڑھنے کا معمول بنا رکھا ہے۔ (شرح نووی علیٰ مسلم: 1/10) 

زبید الیامی رحمۃ کی خانقاہ پر جتنے لوگ آتے تھے روزانہ ان کا معمول تھا کہ ایک قرآنِ مجید مکمل پڑھا کرتے تھے۔ 


حضرت قتادہ رحمۃ اللہ علیہ تمام رمضان تو ہر تین رات میں ایک قرآن ختم فرماتے مگر عشرۂ اخیرہ میں ہر رات میں ایک قرآن شریف  ختم فرماتے

ابن الفضل مشہور تابعی ہیں وہ فرماتے ہیں کہ ہمارے ہاں رمضان المبارک کا اتنا اہتمام ہوتا تھا کہ ہم چھ (6) مہینے اللہ رب العزت سے دعاء مانگتے تھے کہ وہ ہمیں رمضان تک پہنچا دے اور جب رمضان المبارک گزر جاتا تھا تو بقیہ چھ (6) مہینے دعاء کرتے تھے کہ اے اللہ! ہم سے رمضان کو قبول فرمالے!۔ 

بعض مشائخ کے بارے میں لکھا ہے کہ اگر افطار کے وقت سے پہلے کوئی چیز کہیں سے آجاتی تو اس کو کسی دوسرے کو دے دیتے تھے مبادا (یعنی ایسا نہ ہوکہ)دل کو اس کی طرف التفات ہوجائے۔(شرح احیاء) 

اسود بن یزید رحمۃ اللہ علیہ رمضان المبارک میں مغرب اور عشاء کے درمیان تھوڑی دیر سوتے اور بس۔ 

حماد بن سلمہ ایک مشہور محدث ہیں وہ روزانہ پچاس (50) آدمیوں کے روزہ افطار کرانے کا اہتمام کرتے تھے۔(روح البیان)

حضرت بایزید بسطامی رحمۃ اللہ علیہ ایک مرتبہ رمضان المبارک میں بھوک کے فضائل کر رہے تھے ، تو کسی نے کہا کہ حضرت! بھوک کے بھی کوئی فضائل ہیں؟۔تو آپ نے فرمایا کہ ہاں! اگر فرعون کو بھوک ملتی تو وہ کبھی بھی خدائی کا دعویٰ نہ کرتا، اس نے خدائی کا دعویٰ کیا ہی اس لئے تھا کہ اس کا پیٹ بھرا ہوا تھا، جب پیٹ بھرا ہوا ہوتا ہے تو بندہ اپنی اوقات بھول جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ہم عاجز مسکینوں کو ہماری اوقات یاد دلانے کے لئے ہم پر رمضان کے روزوں کو فرض کردیا تاکہ ذرا بھوک بھی لگے اور پیاس بھی۔ اس سے ہم کو ان غرباء کی پریشانی کا احساس ہوگا جن کے پاس دو وقت کھانے کو مشکل سے ہوتا ہیکہ وہ کس طرح گزارہ کرتے ہوں گے؟۔

شیخ الحدیث مولانا محمد زکریا کاندھلوی رحمۃ اللہ علیہ کو تلاوت سے اس قدر شغف تھا کہ رمضان المبارک میں یومیہ تیس (30) پارے پڑھنے کا عرصہ (بیتالیس (42) سال تک)معمول رہا۔ (آپ بیتی:1/95)

 مولانا قاری صدیق احمد باندوی رحمۃ اللہ علیہ تلاوت کلام پاک سے انتہائی شغف رکھتے تھے، اسفار میں بھی تلاوت کرتے رہتے، اور رمضان المبارک میں یہ اہتمام مزید بڑھ جاتا تھا۔آپؒ کے بعض سوانح نگاروں نے لکھا ہے کہ ایک مرتبہ ایک اہل بدعت کے علاقہ میں تراویح سنانے تشریف لے گئے تو ایک ہی رات میں تراویح میں اکیس (21) پاروں کی تلاوت فرمائی(تذکرۃ الصدیق: 1/417) 

محدث عصر علامہ بنوری رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ ایک قاری صاحب جو میرے دوست بھی تھے میری ملاقات کے لئے تشریف لائے، رمضان شریف کے آخری ایام تھے، وہ بڑا نفیس قرآن پڑھتے تھے، میں نے کہا بجائے وقت گزارنے کے چلو نفل پڑھتے ہیں، چنانچہ ان قاری صاحب نے نفل کی نیت باندھ لی اور میں نے اقتداء کی بس، تو پھر کیا پوچھنا وہ تو پڑھتے چلے گئے اور میں لطف اٹھاتا چلا گیا، وہ ایکس پریس گاڑی کی طرح سورتوں کے اسٹیشن طے کرتے چلے گئے اور سحری سے پہلے پورے قرآنِ کریم کو دو رکعتوں میں ختم کرڈالا۔ (ماہنامہ بینات، بنوریؒ نمبر ص706)

مولانا سید ابو الحسن علی ندوی رحمۃ اللہ علیہ بڑے افسوس کے ساتھ فرماتے ہیں کہ آٹھویں صدی میں سلطان المشایخ محبوبِ الٰہی حضرت خواجہ نظام الدین دہلوی اولیاء رحمۃ اللہ علیہ کی خانقاہ غیاث پور (دہلی) اور تیرہویں صدی میں حضرت شاہ غلام علی دہلوی رحمۃ اللہ علیہ کی ''خانقاہ مظہریہ'' واقع چتلی قبر (دہلی) کے رمضان المبارک کا آنکھوں دیکھا حال کسی مؤرخ نے نہیں لکھا اور وہاں ذکر و تلاوت کی سرگرمی، شب بیداری اور وہاں کا نظام الاوقات کسی کتاب میں تفصیل سے نہیں ملتا، لیکن ''فوائد الفواد'' ، ''سیر الاولیاء'' اور ''درالمعارف'' میں اس کی کچھ جھلکیاں نظر آتی ہیں۔ جو شخص ان خانقاہوں کے شب و روز اور ان کے مشایخ کے ذوق و شوق اور ساز و سوز سے واقف ہے وہ ان نقطوں سے پوری تحریراور ان نامکمل خطوط سے پوری تصویر تیار کرسکتا ہے 

اللہ پاک ھم سب کو رمضان المبارک  کے ایک ایک لمہے کی قدر کرنے کی توفیق عنایت فرمائے

آمین یا رب العالمین


Share: