سوال
نماز میں پڑھی جانے والی ضروری رکعتیں کتنی ہیں? ضروری سے مراد کہ جس کو ہر حال میں ادا کرنا ہو ؟ بالترتیب ہر نماز کے مطابق راہ نمائی فرمائیں.
جواب
* فجر کی نماز میں دو رکعت سنتِ مؤکدہ اور دو رکعت فرض پڑھنا ضروری ہے۔
* ظہر کی نماز میں پہلے چار سنتِ مؤکدہ پھر چار رکعت فرض پھر دو رکعت سنتِ مؤکدہ پڑھنا ضروری ہے۔
* عصر کی نماز میں چار رکعت فرض پڑھنا ضروری ہے۔
* مغرب کی نماز میں تین رکعت فرض اور دو رکعت سنتِ مؤکدہ پڑھنا ضروری ہے۔
* عشاء کی نماز میں چار رکعت فرض، دو رکعت سنتِ مؤکدہ اور تین رکعت وتر (واجب) پڑھنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ فرض کسی حال میں بھی معاف نہیں ہے، اگر کسی شرعی عذر (مرض وغیرہ) کی وجہ سے نماز قضا ہوجائے تو فرض کی قضا کرنا ضروری ہے، نیز عشاء کی نماز میں چار رکعات فرض کے ساتھ، تین رکعات وتر کی قضا کرنا بھی ضروری ہے، اور فجر کی نماز اگر قضا ہوجائے اور اسی دن زوال سے پہلے اس کی قضا کی جائے تو فجر کے فرض کے ساتھ اس کی سنتیں بھی ادا کرلینی چاہییں، دیگر نمازیں اگر قضا ہوجائیں تو صرف فرض رکعات قضا کرنی ہوں گی۔
سنتِ مؤکدہ پڑھنا بھی اس معنٰی کے اعتبار سے ضروری ہے کہ اگر بغیر عذر سنتِ مؤکدہ چھوڑے تو گناہ گار ہوگا۔
دارالافتاء
دارالعلوم بنوری ٹاؤن