داراالعلوم دیوبند کو عالمی قیادت کا مرتبہ کیسے ملا


*شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب دامت ٘برکاتہم العالیہ ارشاد فرماتے ہیں :


ایسی اور بہت سی درسگاہیں بھی ہیں جس میں طلبہ کی تعداد بھی زیادہ ہے ، درسگاہیں بھی بڑی عظیم ہیں ، اساتذہ بھی بڑے قابل ہیں ، لیکن کس چیز نے دیوبند کو دیوبند بنایا ؟ کس چیز نے دیوبند کو عالمی قیادت کا مرتبہ عطا فرمایا ، اللہ تعالٰی میرے والد ماجد حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحبؒ کے درجات کو بلند فرمائے ، میں ان کے الفاظ نقل کرتا ہوں ، وہ فرمایا کرتے تھے : 

" دیوبند کو دیوبند بنانے والی چیز صرف ایک ہے ، وہ چیز دین کی صحیح تعبیر ، دین کا صحیح تصور ، دین کے اوپر اعتدال والا عمل جو اللہ تبارک وتعالٰی نے اس خاک کے بوریہ نشینوں کو عطا فرمایا ، وہ بڑے سے بڑے علماء محققین میں نظر نہیں آتا ، میرے والد ماجد فرمایا کرتے تھے کہ میں نے عرب ممالک میں بڑے بڑے محقق علماء بھی دیکھے ، تحقیق و تدقیق کے شناور بھی دیکھے ، فصاحت و بلاغت کے شہسوار بھی دیکھے ، لیکن وہ البیلا رنگ جو میں نے اپنے دیوبند کے اکابر کے اندر پایا ساری دنیا میں کہیں اور نظر نہیں آیا ، اور فرماتے تھے کہ میں نے اپنے اکابر جس طرح پایا ، دین و سنت کی جو تعبیر انہوں نے اپنے قول ہی سے نہیں بلکہ اپنے طرز عمل سے اپنی زندگی کی اداؤں سے دنیا کے سامنے پیش کی ہے وہ نظیر کہیں دنیا میں اور نظر نہیں آئی ، اللہ تبارک وتعالٰی نے " ماأنا علیہ وأصحابی " کی مجسم تفسیر میرے ان اکابر کو بنایا تھا ، اور کبھی کبھی یہ بھی فرماتے تھے : 

اُوْلٰئِکَ آبَائِیْ فَجِئْنٰی بِمِثْلِھِمْ

اِذَا جَمَعْتَنَا یَا جَرِیْرُ الْمُجَامِعُ

( خطبات دورۂ ہند ، شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی صاحب ص : ۹۰ )

Share: