ایک روحانی بیماری”حسد”


*حسد کیا ہے؟*

کسی شخص کی اچھی حالت یا عزت و احترام کا دل پر ناگوار گزرنا اور یہ آرزو کرنا کہ یہ رُتبہ مرتبہ اور اچھی حالت اس کی زائل ہوجائے حسد کہلاتا ہے۔


*وجوہاتِ حسد*

حسد عموماً نخوت و غرور اور تکبر کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے یا نفس کی خباثت اور بُخل سے پیدا ہوتا ہے کہ ایسا شخص اللّہ تعالٰی کی نعمتوں میں خود بھی بُخل سے کام لیتا ہے اور چاہتا ہے کہ فلاں شخص کی نعمت بھی کم یا ختم ہو کر مجھے حاصل ہو جائے یا کم از کم مجھے حاصل ہو یا نہ ہو اس کے پاس سے جاتی رہے،


*حسد سے پہلے بُخل کا علاج*

لہذا پہلے اپنی طبیعت سے بُخل ختم کرنے کی کوشش کرے طریقہ جس کا یہ ہے کہ اپنے عزیز و اقارب، اہل و عیال اور دوستوں پر بغیر  کہے خرچ کرے اور ان سے چھوٹی چھوٹی باتوں کا حساب نہ کرے۔


*حسد کا علاج:*

اگرچہ یہ تکلیف دہ عمل ہی کیوں نہ ہو پھر بھی ایسے شخص کی خوب تعریف کرے اور اس کے ساتھ احسان و سلوک اور تواضع سے پیش آئے ( دل میں یہ بات نہ آئے کہ یہ تو خوشامد ہو گی یا بناوٹ ہوگی کیونکہ اخلاق کا تعلق ظاہر سے ہے اور ظاہر کو درست کرنے کے لیے بناوٹ بھی جائز ہے بشرطیکہ اس کا مقصد اللّہ کی رضا ہو) خواہ مجبوراً ہی کیوں نہ کرنا پڑے اُس کے لیے دعا کرے اور جس بات یا خوبی کی وجہ سے حسد ہے اس کے اندر اس خوبی کے مزید بڑھنے کی تنہائی میں اللّہ تعالٰی سے دعا کرے انشاءاللہ ان معاملات سے اس شخص کے دل میں آپ کی محبت پیدا ہوگی اور پھر وہ بھی تم سے اسی طور سے پیش آئے گا، اس سے تمہارے دل میں اس کی محبت پیدا ہوگی اور اس عمل سے اللّہ تعالٰی وہ نعمت اور خوبی آپ کو بھی عطاء فرمائیں گے انشاءاللہ


اللّہ تعالٰی ہمیں عمل کی توفیق عطاء فرمائے اور  ھم پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے 

آمین ثم آمین یا رب العالمین

Share: