چغلخور کے متعلق اکابرین کے تاثرات

 ایک شخص نے حضرت خالد بن ولید سے کہا کہ فلاں آدمی نے آپ کو گالی دی ہے۔

تو انھوں نے فرمایا:

*وہ اس کا صحیفۂ اعمال ہے، جس طرح چاہے وہ اسے بھرے۔*


ایک شخص نے حضرت وہب بن منبہ سے کہا کہ فلاں نے آپ کو گالی دی!

تو انھوں نے جواب میں فرمایا: *کیا شیطان کو تیرے علاوہ کوئی پیغامبر نہیں مل سکا؟*


ایک آدمی نے حضرت علی بن الحسین سے کہا کہ فلاں شخص نے آپ کو برا بھلا کہا اور آپ کی غیبت کی۔

انھوں نے جواب دیا:

*اس نے جو کچھ کہا، اگر وہ درست ہے تو اللہ مجھے معاف فرمائے اور میرے بارے میں جو کہا وہ غلط ہے، تو اللہ اس کو معاف فرمائے!*


ایک شخص نے کسی سے کہا کہ فلاں نے آپ کو گالی دی ہے۔

تو اس نے جواب دیا:

*اس نے مجھے جو تیر مارا تھا وہ تو مجھے نہیں لگا، لیکن تم نے وہ تیر لا کر کیوں میرے سینے میں گاڑ دیا؟؟*


ایک شخص نے کسی صالح آدمی کے سامنے چغلی کھائی,

تو انھوں نے فرمایا:

*تم نے تین جرم کئے، 

پہلا یہ کہ تم نے  میرے اور میرے بھائی کے درمیان دوری پیدا کی،

 دوسرا یہ کی میرے خالی دل کو مشغول کر دیا 

تیسرا یہ کہ  میرے دل میں اپنے مرتبے کو خراب کیا!*


ایک شخص نے امام شافعی سے کہا کہ فلاں شخص آپ کے بارے میں بد گوئی کر رہا تھا۔

تو آپ نے جواب دیا:

*اگر تم سچ کہتے ہو تو تم چغلخور ہو اور اگر جھوٹ بولتے ہو تو پھر تم  فاسق ہو۔*

چنانچہ وہ شخص شرمندہ ہو کر چلا گیا۔


(عربی سے ترجمہ شدہ)

Share: